Tuesday September 17, 2024

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردیا

اسلام آباد : حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردیا، 15اپریل تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں 10، 10روپے فی لیٹر کمی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے یکم اپریل تا 15اپریل تک کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت اپریل تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں،ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 293 روپے اور پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 272 روپے برقرار رکھی گئی ہے۔

مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں 10، 10روپے فی لیٹر کمی کردی گئی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لیٹر10روپے کمی کے بعد نئی قیمت 180 روپے 29 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
اسی طرح لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 174روپے 68 پیسے فی لیٹرہوگئی ہے۔پیٹرولیم مصنوعات میں نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اپریل سے 15اپریل تک ہوگا۔ دوسری جانب انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر مہنگا ہو گیا تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی۔ بینک دولت پاکستان کے مطابق جمعہ کو 13 پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قدر283.79 روپے پر جا پہنچی جبکہ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر55 پیسے مہنگا ہوا جس سے ڈالر کی قیمت فروخت 283.70 روپے سے بڑھ کر 284.25 روپے ہو گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر286.50 روپے پر بدستور برقرا ر رہی ۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 50 پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قیمت فروخت 311روپے سے گھٹ کر310.50 روپے ہو گئی جبکہ 1.30روپے کے نمایاں اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت فروخت 352 روپے سے بڑھ کر 353.30 روپے پر جا پہنچی ۔

FOLLOW US