لاہور(نیوزڈیسک) پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ کیلئے اینڈی فلاور سے رابطہ کر لیا، زمبابوے کے سابق کرکٹر اور سابق انگلش کوچ کی جانب سے پیش کش پر ہاں کیے جانے کی صورت میں مکی آرتھر اور پاکستانی ٹیم کے راستے جدا ہو جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ورلڈکپ کے فوری بعد
قومی ٹیم کیلئے بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی نے باقاعدہ اور سنجیدگی سے غور بھی شروع کر دیا ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ورلڈکپ کے اختتام کے بعد منیجمنٹ میں ہیڈ کوچ سمیت غیر ملکی کوچز فارغ ہو جائیں گے جبکہ سرفراز احمد کے مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ورلڈکپ کے فوری بعد قومی ٹیم کے تمام غیر ملکی کوچز کو فارغ کر دیے جائیں گے۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے معاہدہ میں بھی مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق مکی آرتھر سمیت ٹیم مینجمنٹ کے معاہدوں میں توسیع ناممکن ہے۔ یہ تمام تبدیلیاں ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ابتدائی میچوں میں مایوس کن کارکردگی کے باعث عمل میں لائی جائیں گی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے نئے کوچ کیلئے سابق انگلش کوچ اینڈی فلاور سے رابطہ کر لیا ہے۔ اگر اینڈی فلاور نے پاکستان کا کوچ بننے کیلئے رضامندی ظاہر کردی، تو اس صورت میں مکی آرتھر اور پاکستانی ٹیم کے راستے اسی وقت جدا ہو جائیں گے۔ اگر اینڈی فلاور نے پی سی بی کی پیش کش قبول نہ کی، تو صرف اس صورت میں مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع پر غور
کیا جا سکتا ہے۔ اینڈی فلاور کے انکار کی صورت میں پی سی بی مکی آرتھر کے معاہدے میں ایک سال تک کی توسیع کر سکتا ہے۔









