لیڈز (نیوزڈیسک) سیمی فائنل تک پہنچنے کا آخری موقع، سب سے تگڑے کھلاڑی کی بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی، فاسٹ باولر وہاب ریاض نے زخمی ہونے کے باوجود افغانستان کیخلاف میچ میں حصہ لیا، تاہم اگلے میچ میں شرکت غیر یقینی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے پاس سیمی فائنل تک پہنچنے کا آخری موقع ہے۔ پاکستان کو
سیمی فائنل تک پہنچنے کیلئے بنگلہ دیش کو شکست دینا ہوگی۔ تاہم اس میچ سے قبل پاکستان کیلئے بری خبر سامنے آئی ہے۔ فاسٹ باولر وہاب ریاض نے زخمی ہونے کے باوجود افغانستان کیخلاف میچ میں حصہ لیا، تاہم اگلے میچ میں شرکت غیر یقینی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وہاب ریاض کی انگلی میں فریکچر ہوا ہے۔ ان کی انجری کی نوعیت سنجیدہ ہے۔ وہاب ریاض کی بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں شرکت کا حتمی فیصلہ میچ کے روز ہی کیا جائے گا۔ وہاب ریاض افغانستان کے خلاف میچ میں بھی زخمی تھے اور شدید تکلیف میں تھے۔ تاہم وہاب ریاض نے زخمی ہونے کے باوجود افغانستان کے خلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا اور ان کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا۔ وہاب ریاض کی آل راونڈ کارکردگی نے افغانستان کیخلاف قومی ٹیم کو فتح دلوائی۔ وہاب ریاض نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور 15 رنز کی اہم اننگ بھی کھیلی۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے زیر اہتمام عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنا نواں میچ 5جولائی کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی ۔ شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم نواں میچ بنگلہ دیش کے خلاف 5 جولائی کو لارڈز کے مقام پر
کھیلے گی۔پاکستانی وقت کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ڈھائی بجے شروع ہوگا ۔ سیمی فائنل تک رسائی کیلئے پاکستان کو اس میچ میں بھی فتح حاصل کرنا ہوگی۔









