لاہور(نیوزڈیسک) قومی ٹیم کے ابھرتے ہوئے فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی نے وہ ملکی ریکارڈ بناڈالا جو وسیم اکرم کے پاس بھی نہیں ہے۔19سالہ شاہین آفریدی نے افغانستان کے خلاف میچ میں شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4بلے بازوں کو پوویلین کی راہ دکھائی، وہ اب تک اپنے ون ڈے کیریئر میں18میچز میں 23.88کی اوسط سے34وکٹیں حاصل
کرچکے ہیں جن میں4مرتبہ میچ میں 4وکٹیں لینا شامل ہیں۔ شاہین آفریدی اپنے پہلے 18ون ڈے میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی باﺅلر بھی بن گئے ہیں ، ان سے قبل یہ ریکارڈ فاسٹ باﺅلر حسن علی اور سرفراز نواز کے پاس تھا جنہوں نے 18میچز میں33،33وکٹیں اپنے نام کررکھی تھیں، راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر اور عبدالقادر نے اپنے پہلے18ون ڈے میچز میں32وکٹیں لیں تھیں،شاہین آفریدی کے ساتھ موجودہ ورلڈ کپ اٹیک میں شامل وہاب ریاض اور محمد عامر نے اپنے پہلے 18ون ڈے میچز میں 31،31بلے بازوں کا شکار کیا تھا، لیگ سپنر شاداب خان اور فاسٹ باﺅلر جنید خان نے اپنے پہلے 18ون ڈے میچز میں28،28وکٹیں حاصل کی تھیں ۔ وسیم اکرم نے اپنے پہلے18و ن ڈے میچز میں21کھلاڑیوں کو پوویلین کی راہ دکھائی تھی۔









