لندن (نیوزڈیسک) ورلڈ کپ 2019 کے 14 ویں راﺅنڈ میچ میں انڈیا نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 353 رنز کا ہدف دے دیا۔ لندن میں جاری میچ میں انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ انڈین ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے۔ انڈیا کی جانب سے اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھون نے آسٹریلین
گیند بازوں پر بھرپور لاٹھی چارج کیا اور ٹیم کو 127 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ یہ پارٹنر شپ مزید بھی لمبی چل سکتی تھی لیکن روہت شرما 57 رنز بنا کر کولٹر نیل کاشکار بن گئے۔ انڈیا کے دوسرے اوپنر شیکھر دھون نے 117 رنز کی اننگ کھیلی اور ٹاپ سکورر رہے۔ بھارتی ٹیم کی جانب سے ون ڈاﺅن آنے والے کپتان ویرات کوہلی نے بھی ذمہ دارانہ اننگ کھیلی اور 82 رنز بنائے ، وہ اونچا کھیلنے کے چکر میں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ ٹیم انڈیا کے ہردیک پانڈیا نے 48 اور وکٹ کیپر بلے باز ایم ایس دھونی نے 27 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مارکس سٹوئنس نے 2 انڈین کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ کمنز، سٹارک اور کولٹر نیل کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔









