نئی دہلی(نیوزڈیسک) آئی سی سی ورلڈکپ کھیلنے کیلئے انگلینڈ میں موجود بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی پر گروگرام میونسپل نے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے ویرات کوہلی کیخلاف گھر کے باہر گاڑی دھونے کے باعث پینے کا پانی ضائع کرنے پر چالان کاٹا ہے۔ ذرائع کے مطابق ویرات کوہلی کے ملازمین ان کے گھر کے باہر گاڑی دھو رہے تھے کہ میونسپل کارپوریشن کے حکام موقع پر پہنچ گئے اور صاف پانی ضائع کرتے ہوئے دیکھ کر
500 بھارتی روپے جرمانہ کر دیا۔حکام کا کہنا ہے کہ صرف ویرات کوہلی کو ہی جرمانہ نہیں کیا گیا بلکہ اسی علاقے میں کئی دیگر لوگوں پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ گروگرام کارپوریشن کمشنر نے واضح طور پر لوگوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ پانی کا ضیاع کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔









