بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کو لندن میں گرفتار کیے جانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کیخلاف برطانوی دارالحکومت لندن کے اخباروں میں بدھ کے روز اشتہارات شائع کیے گئے ہیں۔ الطاف حسین کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے 30 روز میں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا
ہے۔ بصورت دیگر الطاف حسین کی گرفتاری کیلئے کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس سلسلے میں اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس سے مدد حاصل کی جائے گی۔ الطاف حسین کو عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ الطاف حسین پر عمران فاروق کو قتل کروانے کا الزام ہے۔ جبکہ الطاف حسین پر اپنی ہی پارٹی کے دیگر کئی رہنماوں کو بغاوت کے ڈر سے قتل کروانے کے الزامات بھی عائد ہیں۔